تازہ ترین

پاکستان اور کویت کا بحری دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم

0

اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور بحری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کویتی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل سیف عبدالہادی الہملان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کویتی مہمان کا استقبال نیول چیف نے کیا، جبکہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف افسران سے بھی تعارف کرایا گیا۔

ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ بحری تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں بحری سربراہوں نے پاکستان اور کویت کے دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کویتی بحریہ کے کمانڈر کو خطے میں بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی خدمات اور اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

علاوہ ازیں، ریئر ایڈمرل سیف الہملان نے منگل کو وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے بھی ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور بحری اشتراک کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات کو وسعت دی جائے گی اور باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون پر استوار ہیں۔ کویتی بحریہ کے کمانڈر کا دورہ دونوں ممالک کے دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.