بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات پر الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری کی ملاقات
کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور نئے قائم ہونے والے ڈویژنز و اضلاع میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نئے اضلاع اور ڈویژنز میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے لیے مناسب سرکاری اراضی اور پلاٹس کی الاٹمنٹ کے معاملات زیر غور آئے۔ اس موقع پر بلدیاتی انتخابات کے مؤثر اور شفاف انعقاد کے لیے ضروری انتظامی اور دفتری سہولیات کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔
شرکا نے اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ نئے انتظامی یونٹس میں الیکشن کمیشن کے دفاتر قائم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کا تعاون اہم ہے۔ ملاقات کا مقصد آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامی معاملات اور ضروری دفتری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو آگے بڑھانا تھا۔