تازہ ترین

شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر اہم انکشافات، آڈیو لیکس پر بھی کھل کر بول پڑے

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی کے اندرونی معاملات، شاندانہ گلزار کے ساتھ تعلقات، آڈیو لیکس اور سوشل میڈیا پر تنقید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں حق اور سچ کی بات کرنے کے لیے جرات کی کمی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کرنے والوں پر بھی تنقید کی۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے علی امین گنڈاپور اور شاندانہ گلزار کی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے کہا کہ شاندانہ گلزار ان کی بہن کی طرح ہیں اور پارلیمنٹ میں ان کی نشستیں بھی ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شاندانہ گلزار کے خلاف کوئی بات قبول نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار کو کچھ تحفظات ضرور تھے اور وہ توقع کرتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور انہیں ناراض نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کی آڈیو لیکس سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اندرونی فیصلے بعض اوقات اجلاس کے دوران ہی ٹی وی اسکرینوں پر نشر ہونا شروع ہوجاتے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں معلوم ہے کہ یہ کام کون لوگ کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

پی ٹی آئی کے اندرونی ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی میں سب سے بڑا فقدان جرات کا ہے اور بعض لوگ اس خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ حق بات کرنے سے کوئی ناراض نہ ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی ہی باقی نہ رہی تو کسی کی ناراضی کی پروا کرنے کا کیا فائدہ ہوگا۔

سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں ایسے صارفین کے لیے ’’مارٹونگے‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جو سوشل میڈیا پر دوسروں کو گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے اس اصطلاح کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ رانا ٹونگا سے متعلق نہیں بلکہ ان کی جانب سے استعمال کیا گیا ایک طنزیہ لفظ ہے۔

خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال، گورنر راج کے امکان اور پارٹی کی سمت سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ پہلے بھی یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ پارٹی بند گلی کی طرف جا رہی ہے۔ تاہم ان کے مطابق اب اس معاملے میں ان کا کردار باقی نہیں رہا اور وہ خود کو اس سے الگ سمجھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.