بلوچستان بھر میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریبات، ریلیاں اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
بلوچستان بھر میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی حمایت میں مختلف تقریبات، ریلیوں اور یکجہتی واکس کا انعقاد کیا گیا۔ کوئٹہ میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت سردار کوہیار خان ڈومکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب 1947ء میں بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔