ایران امریکی جواب کا جائزہ لے رہا ہے، مناسب کارروائی کریں گے، نائب وزیر خارجہ
تہران: ایران نے امریکا کی جانب سے سفارتی تجاویز کے جواب کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے، جبکہ ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ حتمی مؤقف طے ہونے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکا کے سامنے تجاویز پیش کی تھیں، جن کا جواب ثالثوں کے ذریعے ایران کو موصول ہوگیا ہے۔
ان کے مطابق امریکی مؤقف اور تجاویز کا ایران کے اندر متعلقہ اداروں اور حلقوں کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کے بعد تہران اپنا حتمی جواب مناسب سفارتی ذرائع سے دے گا۔
غریب آبادی نے کہا کہ ایران امریکی جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب اقدام کرے گا، تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ملک کی تیاری بھی جاری ہے۔
ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجویز میں امریکا سے پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور منجمد اثاثوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جبکہ اس کے بدلے آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز دی گئی تھی۔
ایران اور امریکا کے درمیان یہ سفارتی رابطے ایسے وقت میں جاری ہیں جب آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں کشیدگی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم موضوعات بنے ہوئے ہیں۔