لاہور: ملک کی موجودہ سیاسی و سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسری ملاقات ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نواز شریف سے ملاقات کے بعد لاہور کے علاقے گلبرگ میں محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، سیکیورٹی معاملات اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کو بھی ٹیلیفون پر مذاکرات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔