امریکا میں سپر انٹیلی جنس فورس قائم، ٹرمپ کی نئی ہدایات
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی قیادت برقرار رکھنے اور حکومتی کوششوں کو مربوط بنانے کیلئے نئی سپر انٹیلی جنس فورس قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی فورس کا مقصد سپر انٹیلی جنس کے شعبے میں امریکی برتری برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت کی کوششوں کو مربوط کرنا اور امریکی عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فورس صارفین، عوامی مفاد سے متعلق تنظیموں، مذہبی اداروں، اہم بنیادی ڈھانچے کے فراہم کنندگان اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ حکومتی رابطے کو مربوط کرے گی۔
امریکی صدر کے مطابق سپر انٹیلی جنس فورس کی قیادت اعلیٰ حکومتی عہدیدار کریں گے، جبکہ فورس مصنوعی ذہانت سے متعلق حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ نئی فورس براہ راست صدر اور وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف کو رپورٹ کرے گی۔
یہ اعلان گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کے محفوظ استعمال سے متعلق مختلف امور پر بھی بات ہوئی تھی۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی برتری کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ نئی فورس جدید ٹیکنالوجی سے متعلق حکومتی پالیسی اور اقدامات کو مربوط بنانے کیلئے کام کرے گی۔