تازہ ترین

یمنی حکومت کا حوثیوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

0

صنعا: یمن میں حوثیوں کے خلاف طویل کشیدگی ایک نئے اور بڑے فوجی مرحلے میں داخل ہوگئی، صدارتی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے حوثیوں کے زیر قبضہ باقی ماندہ علاقوں کو واپس لینے اور ریاستی اداروں کی عملداری بحال کرنے کیلئے ملک گیر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے رشاد العلیمی نے کہا کہ عسکری کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے تمام مواقع ختم ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔

یمنی حکومت کے مطابق مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کو حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کارروائیوں کیلئے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب صنعا اور تعز سمیت مختلف علاقوں میں شدید لڑائی اور فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ تعز کے محاذ پر گزشتہ روز بھی شدید جھڑپیں ہوئیں۔ یمنی حکومتی افواج کے مطابق حوثی جنگجوؤں کی جانب سے بعض دیہات پر قبضہ کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

حوثیوں کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ نے صنعا، تعز اور دیگر صوبوں میں فضائی حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے ان کا الزام سعودی قیادت میں قائم اتحاد پر عائد کیا ہے، جبکہ یمنی حکومت کی حامی افواج نے صنعا میں اہم اہداف کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

یمنی مسلح افواج کے حوالے سے عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں 1540 حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے، تاہم اس تعداد کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے جنوبی سعودی عرب کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔

رشاد العلیمی نے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں مقیم شہریوں سے یمنی مسلح افواج کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں کو حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرایا جائے گا وہاں فوری طور پر بحالی اور تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے حوثی جنگجوؤں کو ہتھیار ڈالنے کی صورت میں محفوظ واپسی اور عام معافی کی ضمانت بھی دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.