تازہ ترین

ایران کا میزائلوں کی رینج اور رفتار بڑھانے کا اعلان، اپ گریڈیشن پر کام شروع

0

تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد اپنے میزائل پروگرام کو مزید جدید بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے میزائلوں کی رینج اور رفتار بڑھانے پر کام شروع کردیا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں میزائلوں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ضروری سمجھا گیا، جس کے بعد اس سمت میں عملی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق امریکی افواج ایرانی ساحل سے ایک ہزار کلومیٹر تک کے فاصلے پر موجود ہیں، جس کے باعث میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران ایرانی بری فوج کے میزائلوں نے کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، جبکہ بحریہ کے سمندر سے داغے جانے والے کروز میزائلوں نے دشمن کے بحری جہازوں کو بھی ہدف بنایا اور ان کی کارکردگی مؤثر رہی۔

محمد اکرمینیا نے بتایا کہ مستقبل میں ایرانی میزائلوں کی رفتار اور رینج بڑھانے کے ساتھ ساتھ اہداف کو زیادہ درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ان کے مطابق میزائلوں کی رفتار اور درستگی بہتر بنانے کے حوالے سے اہم اقدامات پہلے ہی کیے جاچکے ہیں، جبکہ آئندہ نسل کے میزائلوں میں ان صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.