تازہ ترین

لانگ مارچ، گورنر ہاؤس اپنا آئینی کردار ادا کرے گا، محسن نقوی اور فیصل کنڈی میں اتفاق

0

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کو دہشت گردی اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رکھنے کیلئے آئینی و انتظامی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور پی ٹی آئی کے متوقع لانگ مارچ سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی بھی موجود تھے۔

جاری تفصیلات کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر صدر مملکت اور وزیراعظم ملک میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر یا دیگر سرکاری وسائل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ایسے اقدام کو عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو صوبے کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کو مکمل طور پر الرٹ کردیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف اضلاع سے پولیس اہلکاروں کو پولیس لائنز طلب کرلیا گیا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور صدر آصف علی زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے حکومت کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملک میں 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ کسی صورت ہونے نہیں دیے جائیں گے، جبکہ لانگ مارچ شروع ہونے کی صورت میں مذاکراتی عمل ختم کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.