تازہ ترین

بلوچستان کا مستقبل بندوق نہیں، کتاب تھامنے والے نوجوان ہیں، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت دنیا بھر کی 100 سے زائد ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام شروع کردیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے رواں سال پروگرام کے تحت امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس کے ذریعے ہر سال صوبے کے 10 باصلاحیت نوجوانوں کو بیرون ملک ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کی تعلیم کیلئے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔

اس پروگرام کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید علمی مواقع تک رسائی فراہم کرنا اور انہیں عالمی سطح پر مسابقت کیلئے تیار کرنا ہے۔

بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی کے مطابق گزشتہ سال صوبے کے 6 باصلاحیت امیدوار مختلف ممالک کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس حاصل کرکے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے بیرون ملک جاچکے ہیں۔

ان امیدواروں میں کوئٹہ کی فرزانہ انور کو برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیڈز میں مالیکیولر اینڈ سیل بائیولوجی، بارکھان کے اکبر جان کو ڈنمارک کی یونیورسٹی آف کوپن ہیگن میں فوڈ سپائیلج اینڈ فوڈ سیفٹی، قلعہ سیف اللہ کے عمران خان کو کینیڈا کی یونیورسٹی آف البرٹا میں ایگریکلچر اینڈ فاریسٹ بائیولوجی، کوہلو کی حمیرا یونس کو آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ میں پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز، خاران کی ماہ نور سید کو برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹل میں جینڈر پیریٹی جبکہ قلات کے عبدالقاہر کو ملائیشیا کی یونیورسٹی ملايا میں اسٹرکچر کے شعبے میں پی ایچ ڈی کیلئے اسکالرشپ دی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی سطح کے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے اور یہ دراصل بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کا سفر ہے۔ بلوچستان کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا اور دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صرف اسکالرشپس نہیں بلکہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کیلئے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا جاسکتا ہے۔ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والے نہیں بلکہ کتاب تھام کر دنیا کی ممتاز جامعات میں علم و تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوان ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کی ممتاز جامعات تک پہنچا کر علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے عالمی مواقع فراہم کرنا بلوچستان کے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری ہے، جس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.