حوثیوں کے حملے، ترک وزیر خارجہ اہم اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچیں گے
ریاض: سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خطرات اور حوثی حملوں کے تناظر میں ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترک وزیر خارجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں ترکیہ کے وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت خطے کی موجودہ صورتحال، سیکیورٹی خطرات اور دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
حاقان فیدان دفاعی اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے ترکیہ کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو درپیش خطرات اور علاقائی بحرانوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
ترک وزیر خارجہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے تناظر میں ترکیہ کی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے اپنے ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
اجلاس میں دفاعی اتحاد کو موجودہ خطرات سے نمٹنے اور علاقائی بحرانوں کی روک تھام کے لیے مؤثر بنانے پر بھی زور دیا جائے گا، جبکہ خطے کے تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے کو ترجیح دینے پر زور متوقع ہے۔
اجلاس کے شرکا بین الاقوامی تجارتی راستوں پر محفوظ جہاز رانی یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔