تازہ ترین

معیاری تعلیم کیلئے سرکاری و نجی اداروں کا کردار اہم ہے، جعفر مندوخیل

0

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا کردار یکساں اہم ہے، نجی اداروں کو دی جانے والی گرانٹ کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگرچہ اتوار کو تعطیل کا دن تھا، تاہم عالمی یومِ اساتذہ اور ہزارہ کمیونٹی سے اظہارِ یکجہتی کے باعث انہوں نے تقریب میں شرکت کو اپنی چھٹی سے زیادہ اہم سمجھا۔

انہوں نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد کسی بھی قوم کا محسن ہوتا ہے اور اس کی خدمات کو الفاظ میں مکمل طور پر بیان نہیں کیا جاسکتا۔ خواتین اساتذہ بچوں کی فطرت اور تعلیمی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ حکومت سرکاری تعلیمی اداروں پر کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے، اس لیے معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے نجی تعلیمی اداروں کو بھی مالی معاونت فراہم کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کیلئے مختص گرانٹ دوبارہ بحال کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

گورنر بلوچستان نے تقریب میں ٹیبلو پیش کرنے والی طالبات کیلئے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا، جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 اکتوبر کو عالمی یومِ اساتذہ منانے کا مقصد اساتذہ کے عظیم کردار، خدمات اور معاشرتی مقام کو اجاگر کرنا اور تعلیم کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ دنیا کے ہر مہذب معاشرے میں استاد کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، استاد کا احترام کسی جغرافیے، نسل، زبان یا رنگ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ اور تعلیم یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے پُرعزم ہے، جبکہ تعلیمی مواقع کو وسیع کرنے اور بالخصوص دور دراز و پسماندہ علاقوں کے بچوں تک تعلیم کی روشنی پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہے اور خواتین اساتذہ کی خدمات بھی خصوصی خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ علم کی شمعیں روشن کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان شمعوں کو مشکلات سے محفوظ رکھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.