تازہ ترین

معیاری تعلیم کیلئے قابل اور بااختیار تدریسی نظام ضروری ہے، ربابہ بلیدی

0

کوئٹہ: عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اساتذہ کو نئی نسل کی فکری اور کردار سازی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کی علمی و سماجی ترقی میں ان کی خدمات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔

اپنے پیغام میں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ استاد صرف علم منتقل کرنے تک محدود نہیں ہوتا بلکہ نئی نسل کی سوچ، کردار اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اساتذہ کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ خصوصاً دور دراز علاقوں میں محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، جن کی محنت اور خدمات احترام و تحسین کی مستحق ہیں۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں خواتین اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایک تعلیم یافتہ بچی مستقبل میں اپنے خاندان اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتی ہے، جبکہ اس سفر میں استاد بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی نظام کی بہتری، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور تدریسی معیار بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ اساتذہ کو جدید تدریسی تربیت، بہتر تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے ناگزیر ہے، کیونکہ معیاری تعلیم کا براہ راست تعلق قابل اور بااختیار تدریسی نظام سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت کے اثرات صرف کلاس روم تک محدود نہیں رہتے بلکہ نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں، اس لیے استاد کا احترام اور اس کی خدمات کا اعتراف ایک مہذب اور علم دوست معاشرے کی پہچان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.