سوراب، خضدار اور وڈھ میں دفعہ 144 نافذ، N-25 پر احتجاج پر پابندی
سوراب: بلوچستان حکومت نے اہم قومی شاہراہ پر احتجاج اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر سوراب، خضدار اور وڈھ کے اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق N-25 قومی شاہراہ پر احتجاج، دھرنا، جلوس، سڑک بلاک کرنے یا ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے سمیت ایسے تمام اقدامات پر پابندی ہوگی جن سے شاہراہ کی آمدورفت متاثر ہو یا امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہو۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ N-25 ایک اہم بین الاضلاعی اور بین الصوبائی شاہراہ ہے، جس کی بندش سے مسافروں، مریضوں، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حکومت بلوچستان نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور پولیس حکام کو حکم نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے اور شاہراہ پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 تین ماہ کی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گی، تاہم مجاز اتھارٹی کی جانب سے اسے قانون کے مطابق پہلے تبدیل، منسوخ یا توسیع دی جاسکتی ہے۔