تازہ ترین

بھارت میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ، ملک گیر احتجاج تیسرے روز بھی جاری

0

نئی دہلی: بھارت میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے اور انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔

مظاہرین کا الزام ہے کہ ووٹر فہرستوں کی حالیہ نظرثانی کے دوران بڑی تعداد میں ووٹرز کے نام مبینہ طور پر فہرستوں سے نکالے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

اتوار کو ممبئی میں بڑی تعداد میں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے بھارتی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ مختلف سیاسی و سماجی گروہوں کے کارکن بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔

دوسری جانب نئی دہلی میں گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس کارروائی پر تین خواتین صحافیوں نے پولیس اہلکاروں کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پولیس نے شکایات کی تحقیقات کیلئے معاملہ کرائم برانچ کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی جبکہ دستیاب ویڈیو اور دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

احتجاج میں شریک تنظیموں اور کارکنوں نے مبینہ ہراسانی کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتیں بھی الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کر رہی ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کریں گی، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں انتخابی عمل سے متعلق احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.