تازہ ترین

ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرلیے

0

تھروواننت پورم: بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے صرف دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تھروواننت پورم میں کھیلے جارہے پہلے ون ڈے میچ کے دوران چوکا لگا کر 15 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ سچن ٹنڈولکر سے 74 اننگز کم میں انجام دیا۔

کوہلی نے 15 ہزار ون ڈے رنز 303ویں اننگز میں مکمل کیے، جبکہ سچن ٹنڈولکر کو یہ سنگِ میل عبور کرنے کے لیے 377 اننگز درکار ہوئی تھیں۔ ٹنڈولکر نے اپنے شاندار ون ڈے کیریئر کا اختتام 18,426 رنز کے ساتھ کیا۔

ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 14,234 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

37 سالہ ویرات کوہلی نے ہفتے کے روز براڈکاسٹر جیو اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2027 ورلڈ کپ میگا ایونٹ میں ان کی آخری شرکت ہوگی۔

کوہلی 2011 میں مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

ویرات کوہلی اور روہت شرما نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ بھارت نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھائی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.