تازہ ترین

بھارت نے پانی سے چھیڑ چھاڑ کی تو جنگ ہوگی، خواجہ آصف

0

نیویارک: پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے تنازع پر کشیدگی کے تناظر میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے پانی میں مداخلت یا اس کے حصے کے پانی کو روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور کی جائے گی اور پاکستان ایسی صورتحال میں اپنے دستیاب تمام وسائل کے ساتھ جواب دے گا۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خطے میں امن کی امید اور دعا ہمیشہ برقرار رہنی چاہیے، کیونکہ پاکستان سمیت پورے خطے کی حکمرانی، ترقی اور انسانی بہبود کا انحصار امن پر ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحد سے چھیڑ چھاڑ جنگ کا اعلان تصور ہوگی، اسی طرح پاکستان کے پانی سے چھیڑ چھاڑ کو بھی جنگ کا اعلان سمجھا جائے گا۔

بھارت کے ساتھ پانی کے تنازع سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی نئی بات نہیں ہوئی۔ پاکستان کو جو کچھ کرنا چاہیے، وہ کرے گا اور کسی بھی ایسی کوشش کا اپنے تمام دستیاب وسائل کے ساتھ بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران کے حوالے سے ہونے والی ملاقات اور مکہ دفاعی معاہدے سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ایران کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تحفظات ظاہر کیے گئے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ اگر معاہدہ فعال ہوتا ہے تو پاکستان اس عہد کا پابند ہے جو اس نے کیا ہے اور وہ اس کی پاسداری کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.