تازہ ترین

بلوچستان میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 6 کلو سے زائد سونے کے بسکٹ برآمد

0

کوئٹہ- پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے بلوچستان میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 کلو 162 گرام سونے کے بسکٹ ضبط کرلیے، جن کی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی 21 ستمبر کو فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (FEU) شیلا باغ کے عملے نے فرنٹیئر کور (FC) کے تعاون سے کی۔ خفیہ اطلاع ملنے پر علاقے میں نگرانی سخت کی گئی اور مشتبہ اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت روک کر سونے کی کھیپ برآمد کرلی گئی۔

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے مطابق بلوچستان میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس، داخلی و خارجی راستوں اور حساس اسمگلنگ روٹس پر انٹیلی جنس بنیادوں پر نگرانی جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شیلا باغ میں مؤثر نگرانی اور پاکستان کسٹمز و فرنٹیئر کور کے درمیان مربوط کارروائی کے نتیجے میں سونے کی کھیپ کو آگے منتقل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

ضبط کیا گیا سونا قانونی طریقہ کار کے تحت کوئٹہ کے اسٹیٹ ویئر ہاؤس میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے کہا ہے کہ سرحدی اسمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.