راولپنڈی: پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امور پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی جانب سے مالدیپ کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان پرعزم ہے تاکہ دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔
مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔