افغان سرزمین سے کسی کارروائی کا مؤثر جواب دیں گے، بابر یوسفزئی
کوئٹہ: پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں بلوچستان حکومت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدی حدود، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ قلعہ عبداللہ کے گلستان سیکٹر میں دراندازی کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت کے مطابق مؤثر انداز میں دے گا۔ ان کے مطابق افغان حکومت کی ہٹ دھرمی اور اشتعال انگیزی خطے کے امن و استحکام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر یہ سمجھنے کی غلطی نہ کریں کہ سرحد پار بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوام اپنی افواج اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی خواہش کی ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
بابر یوسفزئی کے مطابق افغانستان میں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے اور دہشتگردوں و پاکستان دشمن عناصر کو سرحد پار محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہیں کی جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے والوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ملک اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سہولت کار پاکستان کے عزم اور قومی یکجہتی کو آزمانے کی غلطی نہ کریں۔ ان کے مطابق گلستان سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔