اسکواش میں پاکستان کیلئے خوشخبری، تین بہنیں قومی ٹیم کا حصہ بن گئیں
کراچی: اسکواش کے میدان سے پاکستان کیلئے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں تین پاکستانی بہنیں مہوش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی ایشین گیمز میں ایک ساتھ ملک کی نمائندگی کیلئے منتخب ہوگئی ہیں۔
تینوں بہنوں نے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنے لیے فخر اور اعزاز قرار دیتے ہوئے ایونٹ میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ساتھ پریکٹس کرتی ہیں اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں، جس سے انہیں کھیل کی تیاری میں فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
مہوش علی نے کہا کہ مقابلہ سخت ہوگا، تاہم وہ بھرپور محنت کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گی۔ ان کے مطابق ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کیلئے فخر کا لمحہ ہے۔
سحرش علی نے کہا کہ یہ ایک بڑا اور سینئر ایونٹ ہے جہاں ٹاپ کھلاڑیوں کا سامنا ہوگا، اسی لیے ایونٹ کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریننگ کی گئی ہے۔