تازہ ترین

وفاق نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا، فیصل کریم کنڈی

0

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کا پیکج فراہم کر دیا ہے، جس پر صوبائی عوام کی جانب سے وفاق کے مشکور ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو درپیش مسائل وفاقی حکومت کے سامنے رکھے جا رہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر مختلف معاملات حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کا مقدمہ لڑنے کے لیے ماضی میں پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بھی آواز اٹھائی گئی تھی۔ وفاقی حکومت کو پیکج سے متعلق جو سفارشات بھیجی گئی تھیں، ان پر چیئرمین پی ٹی آئی اور جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کے دستخط بھی موجود تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وہ صرف وفاق کے سامنے صوبے کے مسائل پیش نہیں کر رہے بلکہ ان کے حل کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

چشمہ لفٹ کینال منصوبے کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ اس پر بھی بات چیت ہو چکی ہے اور منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ تاہم ان کے مطابق صوبے کی ترجیحات میں پہلے دہشت گردی کا خاتمہ اور اس کے بعد ترقیاتی کام شامل ہیں۔

پشاور میں زیر تعمیر انڈر پاس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے آئے تھے اور کوشش ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں منصوبہ مکمل کر لیا جائے۔ ان کے مطابق انڈر پاس کی تعمیر سے رنگ روڈ پر ٹریفک کے مسائل میں بہتری آئے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.