ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناکامی کا الزام مجھ پر کیوں؟ اعظم خان نے ناقدین کو جواب دے دیا
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار انہیں قرار دینے والے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا بوجھ ان پر ڈالنا درست نہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 28 سالہ اعظم خان نے کہا کہ انہوں نے ورلڈکپ میں صرف ایک میچ کھیلا تھا اور اس میں بھی انہیں محض ایک گیند کھیلنے کا موقع ملا۔ اس کے باوجود پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا ذمہ دار انہیں ٹھہرانا مناسب نہیں۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان کی فٹنس اور کھیلنے کی صلاحیت پر تنقید کرنے والوں کو بھارت کے خلاف میچ بھی یاد رکھنا چاہیے، جس میں پاکستان کے دیگر فٹ اور بہترین کھلاڑی 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز بنائے تھے، جبکہ پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا سکی تھی۔
بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اعظم خان نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں امریکا کے خلاف گولڈن ڈک پر اپنی وکٹ گنوائی تھی، جس کے بعد انہیں مزید کسی میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ پاکستان ٹیم بھی گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی تھی۔