مڈٹرم انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس عوامی وعدے پورے کریں، ظہران ممدانی
نیویارک: امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اسے ملک میں نئی سیاسی صبح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام مہنگائی، رہائشی اخراجات، بچوں کی دیکھ بھال اور اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں سے شدید پریشان ہیں۔
انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ عوام کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے مزید دو سال انتظار کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق شہری اب کھوکھلے وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور حقیقی ریلیف چاہتے ہیں۔
نیویارک کے میئر نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فضول جنگوں اور دفاعی اخراجات پر بھاری رقوم خرچ کرنے کے بجائے تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود جیسے بنیادی شعبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ظہران ممدانی نے کہا کہ مڈٹرم انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس اپنے انتخابی وعدوں کو عملی شکل دینے اور عام شہریوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانے کا بہترین موقع ہے۔