تازہ ترین

مرتضیٰ وہاب جعلی اور قبضہ میئر ہیں، پیپلز پارٹی کا نظام فراڈ ہے، حافظ نعیم

0

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے بلدیاتی نظام اور سرکاری تعلیمی اداروں کی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے میئر مرتضیٰ وہاب جعلی اور قبضہ میئر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کا پورا نظام ایک فراڈ ہے۔

ناظم آباد میں سرکاری اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ وہ اختیارات کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اپنے کام ادھورے چھوڑ کر نہیں جائے گی۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے کام دیکھ کر بعض لوگ حیران ہوتے ہیں اور روزانہ سوال کرتے ہیں کہ یہ سب کیسے ممکن بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرکاری اسکولوں کا تصور ہی تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے باعث والدین اپنے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں داخل کرانے پر مجبور ہیں۔ نجی اسکولوں میں بھی مختلف درجے ہیں، جہاں صرف چند فیصد افراد ہی بھاری فیسیں ادا کرکے معیاری تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جبکہ متوسط طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا اور اب ان اداروں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کا مقابلہ کر سکیں۔ ان کے مطابق مقابلہ معیاری تعلیم اور بہتر سہولتوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسی شخصیات بھی سرکاری اسکولوں سے تعلیم حاصل کرکے آگے آئیں، لیکن حکمرانوں نے ان تعلیمی اداروں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت فی لیٹر پیٹرول پر تقریباً 130 روپے تک ٹیکس وصول کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔ اگر ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی تو یہ قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان کے دور میں سرکاری اسکول بلدیاتی اداروں کے ماتحت تھے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ ان کے بقول گزشتہ 40 برسوں کے دوران دو جماعتیں اقتدار میں رہیں اور صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ بچوں کو درختوں کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے بعد اسکول دوبارہ ٹاؤنز کے حوالے کیے گئے۔ ان کے مطابق ٹاؤنز کا نظام ملنے کے بعد جماعت اسلامی نے تباہ حال سڑکوں اور دیگر شہری مسائل کو بہتر بنانے کے لیے کام شروع کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.