پاکستان اور سوڈان کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: پاکستان نے سوڈان کی خودمختاری، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سوڈان کے وزیر داخلہ بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے سوڈان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔