پاکستان کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے میں تعاون جاری رکھیں گے، نیٹلی بیکر
کراچی: پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستانی اداروں کو جدید عالمی ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نیٹلی بیکر نے کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے کور بینکنگ نیٹ ورک کی تکمیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
منصوبے کے تحت کروڑوں ڈالر کی لاگت سے جدید بینکنگ نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر نصب کیا گیا ہے، جسے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو نے مکمل کیا ہے۔
تقریب کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو کے کنٹری جنرل منیجر کاشف الحق نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی مشترکہ انجینئرنگ ٹیم کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔
منصوبے کی تنصیب اور منتقلی کا پیچیدہ عمل اسٹیٹ بینک کے معمول کے کام کو متاثر کیے بغیر مکمل کیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا پاکستانی اداروں کو عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔ امریکی سفارتخانے نے بھی پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے اور محفوظ و شفاف ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے فروغ کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔