ذیابیطس سے آگاہی کا نیا ماڈل پاکستان سمیت 57 اسلامی ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان
ملک میں پہلی بار قومی سطح پر ’ڈائبٹیز پریونشن اینڈ کنٹرول پروگرام‘ شروع کرنے اور مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی کا ماڈل پاکستان سمیت 57 اسلامی ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذیابیطس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر مقامی ہوٹل میں "ذیابیطس پر بروقت اقدام” (Early Action on Diabetes) کے موضوع کے تحت ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک و بیرونِ ملک سے نامور ماہرینِ امراضِ ذیابیطس اور معالجین نے شرکت کی۔
ڈائیابٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم کی ہدایت اور وزارتِ صحت کے اشتراک سے ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے باقاعدہ قومی پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کا آغاز رواں ماہ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ڈائبٹیز پریونشن اینڈ کنٹرول پروگرام‘ تین سے پانچ سال کے مرحلے پر مشتمل ہوگا جس کا بنیادی مقصد ملک بھر میں عوامی آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ شہری ’ریپڈ اسکور‘ (RAPID Score) کے ذریعے خود اپنی اسکریننگ کر سکیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں پورے پاکستان میں ذیابیطس سے بچاؤ اور علاج معالجے کی طبی سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے وزیراعظم، وفاقی وزیرِ صحت اور وزارتِ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت کوشش سے اسے ریورس (کنٹرول) کرنا ممکن ہے، جبکہ پروگرام کے اجرا کے لیے قائم کمیٹی کے اراکین سے متعلق تفصیلات آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں سامنے آ جائیں گی۔
پروفیسر عبدالباسط نے اعلان کیا کہ معروف ماہرِ امراضِ ذیابیطس پروفیسر اے کے آزاد خان کی جانب سے بنگلہ دیش میں مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کے کامیاب تجربے کے بعد اب اس ماڈل کو پاکستان سمیت او آئی سی (OIC) کے 57 رکن ممالک میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا آغاز 2027ء کے اوائل میں پاکستان سے ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پروفیسر اے کے آزاد خان اور بنگلہ دیش ڈائبیٹک ایسوسی ایشن نے اس تصور پر تحقیق کی کہ ہر انسان کسی نہ کسی درجے میں اپنے عقیدے سے جڑا ہوتا ہے؛ چنانچہ بنگلہ دیش میں ابتدائی طور پر 100 مساجد کے ائمہ کرام اور ان کے خاندان کی خواتین کو آگاہی دی گئی اور وزارتِ مذہبی امور، جامعہ الازہر اور امامِ مکہ کی منظوری سے تیار کردہ خصوصی خطبات کے ذریعے ہر جمعے ایک سے دو منٹ کا آگاہی پیغام شامل کیا گیا، جبکہ مساجد کے باہر مردوں اور ملحقہ کمروں میں خواتین کی اسکریننگ کی گئی۔ تحقیق کے مطابق ان علاقوں میں ایک سال کے دوران ذیابیطس کے نئے کیسز میں 42 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ مہم تقریباً تین لاکھ مساجد تک پھیلا دی گئی جہاں ہر جمعے دو سے چار کروڑ افراد تک یہ پیغام پہنچ رہا ہے۔
پروفیسر عبدالباسط نے بتایا کہ انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن (IDF) نے بھی اس ماڈل کو سراہا ہے اور او آئی سی کے ذیلی ادارے کومسٹیک (COMSTECH) نے انہیں اپنا نمائندہ مقرر کرتے ہوئے 57 اسلامی ممالک میں اس پروگرام کو وسعت دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں اس منصوبے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کو گرانٹ کی درخواست دے دی گئی ہے جس کا فیصلہ دو سے چار ماہ میں متوقع ہے، تاہم گرانٹ نہ ملنے کی صورت میں بھی 2027ء کے اوائل میں ذاتی وسائل سے اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
سائنسی سیشن سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے ذیابیطس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نائب صدر پروفیسر شبین ناز مسعود نے خبردار کیا کہ پاکستان میں ہر تیسرا شہری ذیابیطس کا شکار ہے اور اگر خواتین میں حمل سے قبل یا دورانِ حمل بلڈ شوگر کی بروقت اسکریننگ اور کنٹرول نہ کیا جائے تو یہ مرض ماں اور بچے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں میں بھی منتقل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے بنیادی اقدامات (Primordial Prevention) دل کے دورے، گردوں کے فیل ہونے یا ہائی بلڈ پریشر کے بعد نہیں بلکہ اس وقت شروع ہونے چاہئیں جب ایک خاتون ماں بننے کا ارادہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمل کے دوران ذیابیطس کی کوئی الگ علامت ظاہر نہیں ہوتی اس لیے حاملہ خواتین کے لیے تین مراحل پر مشتمل بلڈ شوگر اسکریننگ ناگزیر ہے: پہلا ٹیسٹ حمل ٹھہرنے سے قبل یا حمل کی تصدیق (بکنگ) ہوتے ہی ابتدائی مہینوں میں، دوسرا ٹیسٹ 22 سے 24 ہفتوں (پانچویں سے چھٹے مہینے) میں، اور پاکستانی و ایشیائی آبادی کے ہائی رسک ہونے کے باعث ابتدائی دو ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود تیسرا ٹیسٹ 34 سے 36 ہفتوں (آٹھویں سے نویں مہینے) میں لازمی کروایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جسے عوام محض "بے بی ذیابیطس” سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں ایسی خواتین تین سے چار سال کے اندر مستقل ٹائپ 2 ذیابیطس کا شکار ہو جاتی ہیں۔
ذیابیطس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نائب صدر (اکیڈمکس) پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ پاکستان 33 فیصد شرحِ پھیلاؤ کے ساتھ دنیا بھر میں ذیابیطس کا دارالحکومت بن چکا ہے، جبکہ ذیابیطس ایک "خاموش قاتل” (Silent Killer) ہے جو ابتدائی آٹھ سے دس سال تک ظاہری تکلیف نہیں دیتا اور شوگر لیول 300 تک پہنچنے کے باوجود مریض لاپرواہی برتتا ہے۔
انہوں نے بدلتے طرزِ زندگی اور ذہنی تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک برگر میں کم از کم 500 کیلوریز ہوتی ہیں جبکہ ایک کولڈ ڈرنک میں چھ کپ چائے جتنی چینی شامل ہوتی ہے، جو موٹاپے، کولیسٹرول، بلڈ پریشر اور ذیابیطس کا براہِ راست سبب بنتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مریض تشخیص کے پہلے دن سے ہی دواؤں کے ساتھ ورزش اور ویٹ ٹریننگ کو معمول بنائیں۔
انٹرنیشنل ذیابیطس فیڈریشن (IDF) کی نائب صدر ارم غفور نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی "کنٹینیوس گلوکوز مانیٹرنگ” (CGM) ذیابیطس پر مؤثر کنٹرول اور پری ڈائیبیٹیز کے شکار افراد کو مستقل مریض بننے سے بچانے میں انتہائی کارآمد ہے، جبکہ یہ تاثر غلط ہے کہ سی جی ایم ڈیوائس صرف امیر طبقے کی پہنچ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی چبھوئے بغیر ہر تین سے پانچ منٹ بعد بلڈ شوگر کی ریڈنگ دکھانے والی یہ ڈیوائس مریض اور معالج دونوں کے لیے درست فیصلے کرنے میں مددگار ہے، اور پاکستان میں 8 ہزار و 17 سے 18 ہزار روپے سے لے کر ڈیڑھ اور دو لاکھ روپے تک کی رینج میں نہایت کم خرچ سی جی ایم ڈیوائسز دستیاب ہیں، جن کے استعمال سے زیادہ وزن اور خاندانی ہسٹری رکھنے والے افراد خود کو مستقل ذیابیطس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
کانفرنس کے افتتاحی، اختتامی اور مختلف سائنسی سیشنز میں ملک بھر سے دیگر نامور ماہرینِ طب و اساتذہ نے بھی شرکت کی، جن میں پروفیسر نورجہاں صمد، پروفیسر عاشر فواد، پروفیسر یعقوب احمدانی، پروفیسر اقبال آفریدی، پروفیسر احمد بلال، پروفیسر نصرت شاہ، پروفیسر ڈاکٹر شبنم شمیم عاصم، پروفیسر سونیا نقوی، پروفیسر رومینہ اقبال، پروفیسر کریم قمرالدین، پروفیسر سیما این ممتاز، پروفیسر محمد عدنان کانپور والا، پروفیسر ذیشان احمد جونیجو، پروفیسر خیرالنساء نظام، ڈاکٹر ریاست علی خان، ڈاکٹر عاصمہ خان، ڈاکٹر فرید الدین، ڈاکٹر اسماء احمد، ڈاکٹر فرح ناز فاروق، ڈاکٹر ذاکر علوی، ڈاکٹر ندیم نعیم، ڈاکٹر علی اصغر، ڈاکٹر صائمہ زبیر، ڈاکٹر شاہین ظفر، ڈاکٹر فائزہ رؤف، ڈاکٹر سمیرا جبین، ڈاکٹر شبنم نوید، ڈاکٹر عاقبہ سرفراز، ڈاکٹر صنوبر جمال، ڈاکٹر عائشہ شیخ، ڈاکٹر قمر مسعود، ڈاکٹر سید عدیل ظفر، ڈاکٹر خالد عبدالباسط اور ڈاکٹر شہلا نسیم شامل تھے۔