پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خیبرپختونخوا میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مدارس کے دیرینہ انتظامی اور مالی مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں اسی نوعیت کے اقدامات کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی صدارتی آرڈیننس کا اجرا مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ان مسائل کے حل کی جانب اہم قدم ہے، جو گزشتہ تقریباً 26 سال سے موجود تھے۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مدارس کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دلچسپی اور کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
طاہر اشرفی نے بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ذاتی دلچسپی لی، جبکہ وزیراعظم اور صدر مملکت نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں سیاسی و عسکری قیادت، علماء کرام اور مدارس کے نمائندوں کی مشترکہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرے میں رواداری کے فروغ کے ساتھ دینی مدارس اور حکومت کے درمیان رابطوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کمیٹی نے متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور مدارس کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے باہمی اعتماد کی فضا پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
طاہر اشرفی نے متحدہ مدارس کونسل، اتحاد تنظیمات مدارس، مختلف مدارس بورڈز اور علماء کرام کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی مدارس کے باقی ماندہ مسائل کے حل اور حکومت و دینی تعلیمی اداروں کے روابط مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دینی مدارس قرآن و سنت کی تعلیم و ترویج کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کا سیاست، انتہا پسندی یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق متفقہ قومی بیانیہ پیغامِ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ مذہبی حلقے، علماء، مشائخ اور دیگر مذہبی شخصیات دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہیں۔