مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دونوں کارروائیاں ’’آپریشن ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کی گئیں، جس کا آغاز اگست میں کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی قبضے میں لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے مستونگ کے علاقوں کلی پاسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کو بھی دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کوششیں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان متاثر ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں متعدد انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران ایک میجر سمیت چار سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 24 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ یکم نومبر کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دو کارروائیوں کے دوران ایک اہلکار شہید اور 17 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق 6 سے 12 نومبر کے دوران ملک میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں کمی آئی، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا بدستور دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ خطہ رہا، جہاں 16 حملوں میں 44 افراد ہلاک ہوئے۔
بلوچستان میں اس عرصے کے دوران 13 حملے رپورٹ ہوئے، جن میں آٹھ افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے، جبکہ سابق قبائلی اضلاع میں حملوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔