سندھ کے نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ مارکیٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ مارکیٹ تک رسائی دینے اور گھر بیٹھے بین الاقوامی روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبوں سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ اس شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے ایک خصوصی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فری لانسنگ دنیا بھر میں روزگار اور آمدنی کا اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ سندھ کے ہنرمند نوجوانوں اور فری لانسرز کو عالمی مارکیٹ میں کام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم انہیں عالمی مارکیٹ تک مؤثر اور آسان رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی فری لانسنگ اور گھر بیٹھے روزگار کے اقدامات شروع کیے ہیں تاکہ وہ اپنے شہر یا گھر میں رہتے ہوئے عالمی سطح پر آمدنی حاصل کر سکیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ کے تحت جلد عالمی فری لانسنگ اور انٹرنیشنل بِڈنگ کا خصوصی نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس پلیٹ فارم پر بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبوں اور پروجیکٹس کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک خصوصی ٹیم عالمی سطح پر دستیاب منصوبوں کے حصول کے لیے ان پر بولیاں جمع کرائے گی۔ حاصل ہونے والے منصوبے سندھ کے ہنرمند فری لانسرز، پروفیشنلز اور کاروباری اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں کام حاصل کرنے اور اپنی مہارتوں کے ذریعے آمدنی کمانے کے قابل بنانا ہے۔ ان کے مطابق اس سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ فری لانسنگ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے گھر بیٹھے کام کے مواقع پر مشتمل خصوصی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سندھ کے نوجوان صوبے کو ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔