تازہ ترین

پاکستان اور ترکیہ اسٹریٹجک کمیونیکیشن میں تعاون بڑھائیں گے، عطاء اللہ تارڑ

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان غلط معلومات اور نئے اطلاعاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز پیش کردی، جس میں دونوں ممالک کے ماہرینِ تعلیم، تھنک ٹینکس اور معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندے شامل ہوں گے۔

انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’علاقائی سیکیورٹی ڈھانچے کی تشکیلِ نو: پاکستان اور ترکیہ کے تناظر میں اسٹریٹجک شراکت داری اور کثیرالجہتی تعاون‘‘ کے عنوان سے منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی، حقائق سے ہم آہنگ اور مربوط نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ ورکنگ گروپ دونوں ممالک کے متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، جہاں اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے لیے جامع فریم ورک تیار کیا جاسکے گا۔ اس کے ذریعے موجودہ چیلنجز کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات اور ترکیہ کے ایوانِ صدر کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان اسٹریٹجک کمیونیکیشن سے متعلق نئے معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی بنیادوں کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت کے تمام متعلقہ اداروں اور دیگر فریقوں کو ایک مشترکہ اسٹریٹجک کمیونیکیشن فریم ورک کے تحت کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں اور اب دوطرفہ دوستی سے آگے بڑھ کر علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون تک پھیل چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے قیامِ پاکستان سے قبل برصغیر کے مسلمانوں اور ترکیہ کے درمیان یکجہتی کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علی برادران، مولانا محمد علی جوہر اور شوکت علی نے ترک عوام کی حمایت کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی تعلقات بتدریج ادارہ جاتی تعاون میں تبدیل ہوئے، جس کی ایک مثال 1964 میں پاکستان، ترکیہ اور ایران کے درمیان علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کا قیام تھا، جو بعد ازاں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی شکل اختیار کرگیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں حال ہی میں ہونے والے ای سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے کے ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے سہ فریقی دفاعی معاہدے سے مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعاون دفاع، ثقافت، عوامی روابط اور سافٹ پاور سمیت مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے، جبکہ عوامی سطح پر مضبوط تعلقات اس شراکت داری کی اہم بنیاد ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے غلط معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم نے بھی غلط معلومات کو دنیا کے بڑے خطرات میں شمار کیا ہے، اس لیے ممالک کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مؤثر ادارہ جاتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.