تازہ ترین

ای سی او اجلاس اختتام پذیر، اسلام آباد اعلامیہ اور 2035 کے اسٹریٹجک اہداف منظور

0

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک نے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 اور اسلام آباد اعلامیے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق رکن ممالک نے علاقائی تجارت اور اقتصادی انضمام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ منظور شدہ اسٹریٹجک فریم ورک آئندہ دہائی میں علاقائی ترجیحات کے تعین اور مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔

اجلاس کے دوران ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کی سالانہ رپورٹ، کونسل آف پرمننٹ ریپریزنٹیٹوز کی رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے ذریعے علاقائی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالے گا، جبکہ 2027 میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔ دوسری جانب ایران 3 اور 4 دسمبر 2026 کو تنظیم کے 18ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد اعلامیے کی منظوری کو پاکستان کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس نوعیت کے اہم اجلاس کا انعقاد خطے میں بڑھتے ہوئے سفارتی روابط کا مظہر ہے۔ پاکستان مستقبل میں بھی بین الاقوامی اہمیت کے حامل فورمز کی میزبانی جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.