اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور اقتصادی سفارتکاری کو مؤثر بنانے کے لیے بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کے کردار کو مزید فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سفارتی رابطوں اور کوششوں کے نتیجے میں ملک کو عملی معاشی فوائد پہنچانے کے لیے مسلسل پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
نائب وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان کی اقتصادی سفارتکاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیرون ملک پاکستانی مشنز کی کارکردگی اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر توجہ دی گئی کہ پاکستانی سفارتی مشنز شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، پاکستان کی برآمدی صلاحیت اجاگر کرنے اور کاروباری روابط کو فروغ دینے میں کس طرح مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی اقتصادی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور سفارتی مشنز کے درمیان قریبی رابطہ ضروری ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سفارتی کوششوں کو محض رابطوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ٹھوس اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل فالو اپ یقینی بنایا جائے۔