روس اور پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، روسی قونصل جنرل
کراچی میں روسی فیڈریشن کے قونصل جنرل آندرے وی فیڈوروف نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان اتحاد، مہمان نوازی، ثقافتی تنوع اور پُرامن بقائے باہمی جیسی مشترکہ اقدار کے حامل ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
وہ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں روسی قونصل خانے کی جانب سے روس کے یومِ اتحاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، سعید غنی، سفارت کاروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
آندرے فیڈوروف نے کہا کہ روس کا یومِ اتحاد 1612 میں روسی عوام کی جانب سے پولینڈ کے حملہ آوروں کے خلاف اپنی آزادی کے دفاع کی جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی تاریخ کے دورِ ابتلا میں ملک کو سیاسی بحران، بیرونی حملوں، قحط، وبائی امراض اور داخلی شورش جیسے چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم عوام نے حالات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے مختلف سماجی طبقات کو متحد کرکے آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔
روسی قونصل جنرل کے مطابق عوامی ملیشیا کے رہنماؤں کوزما منین اور دمتری پوزارسکی کی خدمات آج بھی روس کی قومی پالیسیوں اور اجتماعی زندگی میں اہم مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ اتحاد کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہر شہری اپنے ملک کی خوشحالی اور ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روس میں اس موقع پر سرکاری اعزازات اور صدارتی ایوارڈز بھی دیے جاتے ہیں تاکہ قومی اتحاد اور ملکی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہا جاسکے۔
آندرے فیڈوروف نے کہا کہ پاکستان اور روس دونوں مہمان نواز ممالک ہیں جہاں مختلف پس منظر رکھنے والے لوگ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں روس کے مسلم اکثریتی علاقے تاتارستان سے تعلق رکھنے والے رقص کے گروپ ’’الابوگا‘‘ کی پرفارمنس کا بھی ذکر کیا۔
روسی قونصل جنرل نے پاک روس تعلقات کے فروغ میں پاکستانی عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کا 11واں اجلاس اقتصادی، صنعتی، ثقافتی اور انسانی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔