امریکی وزیر جنگ پر جنگی اختیارات کی خلاف ورزی کا الزام، مواخذے کی تحریک پیش
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کانگریس میں پیش کردی گئی ہے، جس پر بدھ کو ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوگی۔ قرارداد میں ان پر جنگی اختیارات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ایوان نمائندگان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے مواخذے کے حق میں اپنے الزامات پڑھ کر سنائے۔ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے بھی امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی قرارداد پر ردعمل دینے کے لیے پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی بات کریں گے اور انہیں ریپبلکن ارکان کی مخالفت کی کوئی پریشانی نہیں۔
ایران کے ساتھ امریکی محاذ آرائی کا دفاع کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ یہ اقدام غیر مقبول ضرور تھا، لیکن ضروری تھا کیونکہ کسی کو ایرانی حکومت کا سامنا کرنا ہی تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی عوام جنگ میں فتح سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے اور ایران کو جوہری بم رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کا مثبت انداز میں جائزہ لے گی۔
کانگریس میں مواخذے کی قرارداد پر بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کو پیٹ ہیگسیتھ کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔