فرانس میں مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے بعد حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس پر معمول کے مطابق جنوری کے بجائے دسمبر سے عمل درآمد ہوگا۔
فرانسیسی وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو نے مزدور تنظیموں اور کاروباری شعبے کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد بتایا کہ کم از کم اجرت میں 1.6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ فرانسیسی وزیر محنت کے مطابق اضافے کے بعد ماہانہ کم از کم اجرت بڑھ کر 1,502 یورو ہوجائے گی، جو موجودہ شرح سے 24 یورو زیادہ ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اجرت میں اضافے کا اطلاق دسمبر سے کرنے کا مقصد مہنگائی اور عوام کی قوت خرید میں کمی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
تاہم مزدور تنظیموں نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیا ہے۔ فرانس کی بڑی مزدور تنظیم سی ایف ڈی ٹی نے کم از کم اجرت میں 100 یورو اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ سی جی ٹی تقریباً 150 یورو اضافے کی خواہاں ہے۔
سی ایف ڈی ٹی کی سربراہ ماریلیز لیون نے حکومتی فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سی جی ٹی کی سربراہ سوفی بینے نے اضافے کو معمولی قرار دیتے ہوئے 17 نومبر کو نئے احتجاج کی اپیل کردی ہے۔