تازہ ترین

جماعت اسلامی کا کوئٹہ جلسے کے لیے گھر گھر دعوتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

0

جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو کوئٹہ میں ہونے والا عوامی جلسہ صوبے کے حقوق کی جدوجہد کو نئی قوت فراہم کرے گا، جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

گوادر میں جماعت اسلامی کے دفتر میں نومنتخب ضلعی امیر مولانا لیاقت بلوچ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ جلسے کی کامیابی کے لیے نومنتخب عہدیداران اور کارکن گھر گھر رابطہ مہم شروع کریں اور عوام کو خود ملاقات کرکے شرکت کی دعوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے لیے امن، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع اور بنیادی حقوق کا حصول جماعت اسلامی کی جدوجہد کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہر قسم کے ظلم کے خلاف ہے اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ حکومت میں شامل نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی تعلیم، صحت، فلاحی سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے شعبوں میں عوام کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے پارٹی کارکنوں کو خلوص، مستقل مزاجی اور بھرپور عزم کے ساتھ عوام تک پہنچنا ہوگا۔

اس موقع پر نومنتخب ضلعی امیر مولانا لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی گوادر کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے دستیاب تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.