تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور منصوبے میں حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث بڑی مقدار میں پانی ٹنل نمبر 5 میں داخل ہوگیا، جس کے بعد منصوبے پر تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
واپڈا کے مطابق سیکنڈ بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران کمزور چٹان گرنے سے حفاظتی بند متاثر ہوا اور انٹیک پٹ کا پانی ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوگیا۔ واقعے کے بعد انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ مزید پانی ڈاؤن اسٹریم ورک سائٹس میں داخل نہیں ہورہا۔
واپڈا کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد تمام مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب ہری پور کے ڈپٹی کمشنر وسیم احمد نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد پانی ٹنل میں داخل ہوا تھا۔ ان کے مطابق پاکستانی اور غیر ملکی مزدوروں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جبکہ پانی میں بہہ جانے والے ایک پاکستانی مزدور کو ایمرجنسی ٹیموں نے بچالیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حفاظتی بند ٹوٹنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ اعلیٰ سطحی انکوائری میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ واقعہ ساختی کمزوری کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی تکنیکی خرابی تھی۔ منصوبے کا آئندہ لائحہ عمل تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد طے کیا جائے گا۔
واپڈا نے ٹنل نمبر 5 کے گرنے سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مرکزی ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو نقصان نہیں پہنچا۔ ادارے کے مطابق ٹنل گرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
تربیلا کا پانچواں توسیعی ہائیڈرو پاور منصوبہ ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں 1,530 میگاواٹ اضافے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ اس کے تحت 510 میگاواٹ کے تین پیداواری یونٹس نصب کیے جانے ہیں۔
واپڈا نے مئی 2021 میں منصوبے کے سول ورکس کا 354.6 ملین ڈالر کا ٹھیکہ چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا لمیٹڈ کو دیا تھا۔ منصوبے کی منظور شدہ لاگت 807 ملین ڈالر ہے، جس میں عالمی بینک 390 ملین ڈالر اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 300 ملین ڈالر فراہم کررہے ہیں۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ اوسطاً 1.347 ارب یونٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے تربیلا ڈیم کی پیداواری صلاحیت 4,888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6,418 میگاواٹ ہوجائے گی۔ تاہم مسلسل تاخیر کے باعث اس کی تکمیل کی مدت اصل پانچ سالہ شیڈول سے بڑھ کر ستمبر 2027 تک پہنچ چکی ہے۔