تازہ ترین

پاکستان کا عالمی بینک کے 1.7 ارب ڈالر کے قرض پیکیج سے مکمل استفادے کا فیصلہ

0

پاکستان نے ٹیکس وصولیوں میں اضافے، سرکاری اخراجات میں کمی اور مالیاتی نظام میں اصلاحات کے لیے عالمی بینک کے 1.7 ارب ڈالر کے کثیرالمراحل قرض پروگرام سے مکمل استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ کے نام سے شروع کیے گئے اس پروگرام سے وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں مستفید ہوں گی۔ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 700 ملین ڈالر کی منظوری دی گئی تھی، جس میں وفاقی حکومت کے لیے 600 ملین ڈالر اور سندھ حکومت کے لیے 100 ملین ڈالر شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے دسمبر 2025 میں 600 ملین ڈالر کا قرض حاصل کیا تھا۔ عالمی بینک نے پروگرام پر عمل درآمد کی پیش رفت کو اپنی مسلسل دو رپورٹس میں درمیانے درجے کا تسلی بخش قرار دیا، تاہم بعد کی رپورٹ میں بہتری کا ذکر بھی کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق قرض 14 مئی 2026 کو مؤثر ہوا، جبکہ 29 جون 2026 کو 164.5 ملین ڈالر کی پیشگی رقم جاری کی گئی۔ پروگرام کے اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے لیے 200 ملین ڈالر کا قرض منظور کیے جانے کا عمل جاری ہے، جبکہ بعد کے مراحل میں بلوچستان اور پنجاب کو بھی قرض فراہم کیا جائے گا۔

عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام کے تین بنیادی مقاصد ہیں، جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی ترجیحات اور کارکردگی بہتر بنانا، اور مالیاتی و عوامی خدمات سے متعلق اعدادوشمار کے نظام کو مضبوط کرنا شامل ہیں۔

قرض پروگرام کی اہم شرائط میں زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس عائد کرنا، جائیدادوں سے ٹیکس وصولی بہتر بنانا، زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنا اور جائیدادوں کی قیمتوں کا یکساں بنیادوں پر تعین کرنا شامل ہے۔

حکومت نے پہلے مرحلے میں قرض کے استعمال اور اصلاحات پر عمل درآمد کی سست رفتار کے باوجود پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وفاقی اور صوبائی سطح پر مالیاتی اصلاحات کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.