تازہ ترین

ترکیہ کے اسٹیل پلانٹ میں دھماکا، 17 مزدور ہلاک، متعدد زخمی

0

ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر کے قریب ایک اسٹیل پلانٹ میں دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 17 مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حادثہ علی آغا کے علاقے میں واقع حباس آئرن اینڈ اسٹیل پلانٹ میں پیش آیا، جہاں مرمت کے کام کے دوران ایک کرین گرنے سے بھاری سامان الیکٹرک آرک فرنس میں جا گرا۔ اس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔

دھماکے کے بعد پلانٹ سے بلند شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ زمین لرزنے لگی اور ابتدا میں لوگوں کو زلزلے کا گمان ہوا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے عدالتی اور انتظامی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

وزیر صحت کمال میمیش اوغلو کے مطابق شدید زخمی ہونے والا ایک شخص دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔ ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے خدشہ ظاہر کیا کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حادثے کے حوالے سے موصول ہونے والی مختلف رپورٹس میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں فرق ہے۔ ایک رپورٹ میں 17 ہلاکتوں اور 12 زخمیوں جبکہ دوسری میں 16 ہلاکتوں اور 13 زخمیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ واقعے کی حتمی تفصیلات تحقیقات اور سرکاری اعدادوشمار کے بعد واضح ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.