تازہ ترین

دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن جاری رہیں گے، فیصل کریم کنڈی

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں جہاں بھی دہشت گرد موجود ہوں گے، انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

پیر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے درمیان بدامنی اور نفرت پھیلانے کا دور ختم ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا کو خوشحال صوبہ بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔

گورنر نے سابق صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے جمہوری سیاست کے بجائے بدامنی کو فروغ دیا۔ پی ٹی آئی کے حوالے سے طنزیہ انداز میں ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک ہی ہے، چاہے اچھی ہو یا بری، لیکن اس کی چار فرنچائزز ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پارٹی کے فیصلے کرنے کا اختیار کس کے پاس ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کی مذمت نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور واضح کیا کہ دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی جائیں گی۔

پشاور کے شہری مسائل کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ شہر میں تقریباً 11 ہزار مین ہولز کے ڈھکن موجود نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ صوبے میں سرکاری جگہوں پر قبضے کے لیے لوگوں سے رقم وصول کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

گورنر نے اعلان کیا کہ وہ 11 نومبر کو پریس بریفنگ کے ذریعے صوبائی حکومت کی کارکردگی کی تفصیلات بھی پیش کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.