اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کے وکلا کی ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ بدھ کے روز دونوں وکلا کی اپنے موکلوں سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروائی جائے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ حکم القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دی۔
سماعت کے دوران عدالت نے سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ چند روز قبل بھی ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی تھی، اب دوبارہ ملاقات کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ گزشتہ ملاقات کا وقت ناکافی تھا، اس لیے اپنے موکل سے دوبارہ ملنا ضروری ہے۔
عدالت نے پہلے سردار لطیف کھوسہ کو بشریٰ بی بی اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی، جس کے بعد سلمان صفدر کو بھی اپنے موکل سے ملنے کی اجازت دے دی گئی۔ بینچ نے واضح کیا کہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے کے لیے ہوگی۔
سماعت کے دوران سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے ملاقات میں بتایا تھا کہ چھ ماہ قبل حکام انہیں سرجری کے لیے لے گئے تھے اور اب 15 نومبر کو دوبارہ آپریشن کرنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی استدعا بھی کی۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں جیل حکام نے بھی بشریٰ بی بی کی آنکھوں کے مسئلے کو تسلیم کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی صحت بہتر ہونے کے بعد وہ اپیلوں پر دلائل شروع کریں گے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سرجری کے بعد اسی روز واپس جیل کے سیل میں منتقل کرنا مناسب نہیں تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج جاری ہے اور حکومت ان کی طبی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے علاج کی سہولیات فراہم کیے جانے سے متعلق تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔
نوید ملک کے مطابق میڈیکل بورڈ 8 نومبر کو بھی بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنے گیا تھا۔ اس پر عمران خان کے وکیل نے جیل حکام سے علاج اور طبی سہولیات کی تفصیلات طلب کرنے کی استدعا کی۔