اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے انفرادی ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہو سکیں گے۔
ایف بی آر نے اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کی ہیں۔ نئے طریقہ کار کے تحت مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے انفرادی ٹیکس دہندگان کو آئی آر آئی ایس سسٹم کے ذریعے فارم اے ٹی ایل یو جمع کرانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق درخواست گزار کو تحریری اقرار نامہ دینا ہوگا کہ وہ اقرار نامہ جمع کرانے کی تاریخ سے آئندہ چھ ماہ تک کوئی جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے کے علاوہ اس میں ملکیتی یا مفاداتی حق حاصل نہیں کرے گا۔
فارم کامیابی سے جمع ہونے پر آئی آر آئی ایس کی جانب سے الیکٹرانک رسید جاری کی جائے گی اور چھ ماہ کی مدت اسی تاریخ سے شروع ہوگی۔ ایف بی آر کو اقرار نامے کی شرائط پر عمل درآمد کی تصدیق کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جس کے لیے متعلقہ اداروں، ایجنسیوں، رجسٹریوں، مالیاتی اداروں اور دیگر قانونی ذرائع سے معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔
ایف بی آر کے مطابق اگر تصدیق کے دوران یہ ثابت ہوجائے کہ متعلقہ فرد نے چھ ماہ کے دوران کوئی جائیداد خریدی یا اس میں ملکیتی یا مفاداتی حق حاصل کیا ہے تو اسے الیکٹرانک طریقے سے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں سرچارج سے استثنیٰ ختم کردیا جائے گا اور اے ٹی ایل میں شمولیت کا معاملہ سابقہ قواعد کے مطابق طے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت فارم میں ٹیکس دہندہ کا نام، شناختی کارڈ یا این ٹی این نمبر، ٹیکس سال، گوشوارہ جمع کرانے کی تاریخ، آئی آر آئی ایس رسید یا ریفرنس نمبر اور اقرار نامہ جمع کرانے کی تاریخ درج کرنا لازمی ہوگا۔