زیارت میں قائداعظمؒ کے یومِ ولادت کی تقریبات کی تیاریاں شروع
بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے 25 دسمبر کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول زیارت میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب میں طلبہ و طالبات نے اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کرتے ہوئے قائداعظمؒ کی زندگی، جدوجہد، سیاسی بصیرت اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر مختلف ٹیبلو بھی پیش کیے گئے، جن کے ذریعے بانیٔ پاکستان کے افکار اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے قائداعظمؒ کے پیغامِ اتحاد، ایمان اور تنظیم کو بھی اجاگر کیا۔
تقریب میں ایف سی ونگ 155 کے کرنل ذیشان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لطیف اللہ غرشین، اسسٹنٹ کمشنر حبیب الرحمٰن کاکڑ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) میمونہ فہیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد اور اصول پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ نئی نسل کو ان کے افکار، نظریات اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات طلبہ و طالبات میں قومی شعور، حب الوطنی اور قائداعظمؒ کے نظریات سے وابستگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔