کانگو میں ایبولا کی وبا شدت اختیار کرگئی، ہلاکتیں 5 ہزار سے تجاوز
جمہوریہ کانگو میں ایبولا کی وبا سنگین صورت اختیار کرگئی ہے، جہاں پانچ ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 26 میں سے 8 صوبے اس وبا کی لپیٹ میں ہیں اور ایبولا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 ہزار 300 سے تجاوز کرچکی ہے۔ رواں سال مئی میں شروع ہونے والی یہ وبا اگست میں ملک کی تاریخ کی سب سے ہلاکت خیز وبا قرار پائی، جبکہ اموات کی شرح 48.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق وبا کا مرکز اب بھی شمال مشرقی صوبے اِتوری میں ہے، جہاں جاری تنازعات کے باعث وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کینیا، نائجیریا اور یوگنڈا میں بھی ایبولا کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق یہ جمہوریہ کانگو میں ایبولا کی 17ویں وبا ہے اور ہلاکتوں کے اعتبار سے تاریخ کی دوسری بڑی وبا بھی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے افریقی دفتر نے وبا پر قابو پانے کے لیے حفاظتی اقدامات تیز کرنے، متاثرہ علاقوں تک رسائی بہتر بنانے اور مقامی آبادی میں آگاہی مہم وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔