کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور جدید تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور نے 10 کروڑ روپے کی اسکالرشپس دینے اور کوئٹہ میں اسٹڈی سینٹر و خصوصی تربیتی مرکز قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ اعلانات یو ایم ٹی لاہور کے چیئرمین و صدر ابراہیم حسن مراد نے ہفتے کو یونیورسٹی کے کانووکیشن کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعلیمی اداروں کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے یو ایم ٹی کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کے لیے خصوصی اسکالرشپس اور کوئٹہ میں تعلیمی و تربیتی مرکز قائم کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صوبے کے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
یو ایم ٹی لاہور کے اعلان کردہ 10 کروڑ روپے کے اسکالرشپ فنڈ سے بلوچستان کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ کوئٹہ میں قائم ہونے والا اسٹڈی سینٹر اور خصوصی تربیتی مرکز مقامی طلبہ کو اپنے صوبے میں تعلیمی رہنمائی اور جدید تربیت کے مواقع فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کو بین الصوبائی تعلیمی تعاون، قومی یکجہتی اور بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کے حوالے سے مثبت پیش رفت قرار دیا۔