اسرائیلی انتخابات میں مبینہ بیرونی مداخلت کی تحقیقات، موساد اور شین بیٹ متحرک
تل ابیب: اسرائیل میں حالیہ انتخابات کے دوران مبینہ بیرونی مداخلت کے الزامات کی تحقیقات کے لیے خفیہ ایجنسی موساد اور داخلی سیکیورٹی ادارے شین بیٹ سرگرم ہوگئے ہیں، جبکہ قطر اور ترکی پر انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی خفیہ ادارے مبینہ غیر ملکی مداخلت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیقات کا دائرہ صرف قطر تک محدود نہیں بلکہ دیگر ممالک کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
الزامات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عرب ووٹرز کو منگل کے روز پولنگ اسٹیشنوں پر زیادہ تعداد میں پہنچنے کے لیے رقم دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ حکام قطر اور ترکی کی جانب سے مبینہ انتخابی اثراندازی کے الزامات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب قطر اور ترکی نے اسرائیلی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوششوں میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔
اسرائیل کے مرکزی انتخابی کمیشن نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ تحقیقات کا دائرہ محدود ہے اور منگل کو ہونے والے انتخابات کے نتائج پر کوئی سوالیہ نشان نہیں ہے۔ کمیشن نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔