ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہوجائے گی، صدر ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
کنساس سٹی کے ایک ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہوجائے گی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو اس بات کی ضمانت چاہیے کہ ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی کانگریس انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔